شدید آندھی ، موسلا دھار بارش، معمولات ز ندگی درہم برہم، پی ڈی ایم کا الرٹ جاری

شدید آندھی ، موسلا دھار بارش، معمولات ز ندگی درہم برہم، پی ڈی ایم کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آنے والی شدید آندھی اور موسلادھار بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر د ئیے ، مختلف حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بنوں میں شدید آندھی اور بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے بعد مقامی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمدورفت بھی متاثر ہوئی جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش یا تیز دھوپ،موسم کیسا رہے گا؟

پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، سیالکوٹ اور گردونواح میں بھی تیز آندھی اور بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ خراب موسم کے دوران مختلف مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ گھروں اور عمارتوں پر نصب سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں دیواریں اور کمزور مکانات گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالت میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں آندھی، بارشیں اور ژالہ باری، نیا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خستہ حال عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے بچیں۔ ادارے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

editor

Related Articles