مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف 13 اکتوبر 2025 کو مصر کے شہر شرم الشیخ کا دورہ کریں گے جہاں وہ شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور غزہ میں جاری سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اور دیگر سینئر وزراء بھی ہوں گے شرم الشیخ اجلاس اُن سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس کے موقع پر شروع ہوئیں
23 ستمبر 2025 کو وزیرِاعظم پاکستان نے سات عرب و اسلامی ممالک مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اعلیٰ سطحی ملاقات میں شرکت کی جس کا مقصد غزہ میں امن کے قیام کے راستے تلاش کرنا تھا۔
ان عرب و اسلامی ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ کے ذریعے صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور امریکہ کے ساتھ مل کر غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم کی اجلاس میں شرکت فلسطینی عوام کے منصفانہ اور دیرینہ حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی تاریخی، مستقل اور غیر متزلزل حمایت کی عکاس ہے۔