راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے رواں سال ڈینگی کے حوالے سے اپنی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 14 ہزار 311 افراد کا ڈینگی کا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے، جن میں سے 972 افراد کے ڈینگی کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی کے باعث زیر علاج مریضوں کی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس سال راولپنڈی میں وائرس سے کسی بھی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے لاروا تلفی مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت اب تک 57 لاکھ سے زائد گھروں کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔ اس دوران 1 لاکھ 80 ہزار 947 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ مزید برآں، 15 لاکھ 77 ہزار 940 مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے 24 ہزار 424 مقامات پر لاروا ملا ہے۔
لاروا تلفی کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 371 لاروا پکڑے گئے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
محکمہ صحت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ اب تک 4 ہزار 509 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 1 ہزار 858 مقامات کو سیل کیا گیا ہے اور 3 ہزار 521 افراد یا اداروں کو چالان کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر 1 کروڑ 9 لاکھ 86 ہزار روپے سے زیادہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
محکمہ ہیلتھ راولپنڈی کا کہنا ہے کہ وہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے اپنی مہم جاری رکھے گا اور شہریوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔