آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم پہلی فتح کی تلاش میں آج انگلینڈ کیخلاف میدان میں اترے گی۔
گزشتہ روز گرین شرٹس کی کولمبو میں ٹریننگ کا سلسلہ بارش کے باعث 2 گھنٹے جاری رہ سکا، نائٹ ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ پرخصوصی توجہ دی گئی۔
بیٹرز اوربولرزکو کوچز نے کھیل میں بہتری سے متعلق رہنمائی فراہم کی، مسلسل بارش کے سبب فیلڈنگ سیشن منسوخ کرنا پڑگیا۔
انگلینڈ سے مقابلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، دریں اثنا گزشتہ روزنیوزی لینڈ اور سری لنکا کا میچ بارش کی نذر ہوگیا ۔
قبل ازیں پاکستان اور انڈیا کی خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا اتوار کے روز کھیلے جانے والا میچ انڈیا ویمنز نے 88 رنز سے جیت لیا ہے۔
ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے آج کے گروپ میچ میں انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 248 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم جواب میں پاکستانی ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستانی پلیئر سدرہ امین نے81 رنز بنائے۔ نتالیہ پرویز 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ تاہم پاکستان ٹیم کی دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔ سدرہ اقبال اور رامین شمیم کوئی رنز بنائے بغیر صفر کے سکور پر آؤٹ ہوئیں۔
دوسری جانب انڈیا کی جانب سے دیپتی شرما اور کرانتی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ انڈین کھلاڑی ہرلین دیول نے 46 رنز بنائے، رچا گھوش نے 35 جبکہ جمائما نے 32 رنز بنائے جبکہ ثنے رانا نےدو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
تناؤ اور متنازع واقعات کا رنگ اب دونوں ملکوں کی خواتین ٹیموں کے درمیان میچز میں بھی نظر آیا جب ٹاس کے دوران بھی دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔
دونوں کپتانوں نے میزبان سے میچ سے متعلق بات کی اور اس دوران انڈین کپتان ہرمن پریت کور پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملائے بغیر وہاں سے چلی گئیں۔