فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں صرف 229 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ 15,602 امیدواروں میں سے صرف 2.48 فیصد ہی امتحان پاس کر سکے۔
229 کامیاب امیدواروں میں 119 مرد اور 110 خواتین شامل ہیں۔ نتائج ایک بار پھر ثابت کرتے ہیں کہ یہ امتحان ملک کے سب سے مشکل امتحانات میں سے ایک ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق، 397 امیدواروں نے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم صرف 229 ہی حتمی انٹرویو (وائیوا) کے بعد کامیاب قرار پائے۔ ان کی تعیناتیاں میڈیکل فٹنس سے مشروط ہوں گی۔
2025-10-15-10-52-12-PRESS-NOTE-CE-2024-kX7fAnMtWP by Iqbal Anjum
صوبائی بنیادوں پر دیکھا جائے تو 269 امیدوار پنجاب سے، 33 سندھ (دیہی)، 19 سندھ (شہری)، 31 خیبرپختونخوا، 22 بلوچستان اور 2 گلگت بلتستان سے تھے۔ آزاد جموں کشمیر سے کوئی امیدوار حتمی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکا۔
سی ایس ایس 2024 میں 3 اعلیٰ پوزیشنز حاصل کرنے والے امیدوار درج ذیل ہیں
محمد شفیع اعجاز، پہلی پوزیشن
ثنا رسول، دوسری پوزیشن
مومِنہ اظہر، تیسری پوزیشن
سروس کے انتخاب کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق، ٹاپ 20 امیدواروں میں سے 19 نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کا انتخاب کیا، جبکہ صرف ایک امیدوار نے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) کو چنا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال ٹاپ 30 امیدواروں میں سے کسی نے بھی فارن سروس آف پاکستان (ایف ایس پی) کا انتخاب نہیں کیا۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (سی ایس ایس) کے نتائج ایک بار پھر اس امتحان کی سختی اور مقابلے کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں، جو پاکستان کی اعلیٰ سول سروس میں شمولیت کا واحد راستہ ہے۔