شیر افضل مروت کی ن لیگ میں شمولیت؟سوشل میڈیا پوسٹ نے ہلچل مچادی

شیر افضل مروت کی ن لیگ میں شمولیت؟سوشل میڈیا پوسٹ نے ہلچل مچادی

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت کی جانب سے ایکس پر کی گئی تازہ پوسٹ نے سیاسی منظرنامے میں ہلچل مچا دی ہے۔

شیر افضل مروت نے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی ایک ایکس تحریر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے میرے بارے میں جو کہا وہ حقیقت پر مبنی ہے اور میں اس سچائی کو سراہتا ہوں۔

یہ جملہ چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا اور صارفین نے اسے ممکنہ سیاسی تبدیلی کی جانب اشارہ قرار دیا شیر افضل مروت نے اپنی پوسٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اپنے تلخ تجربات کا ذکر بھی کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے تین برسوں میں انہیں پارٹی سے تین مرتبہ نکالا گیا اور ہر مرتبہ کارکنوں کے دباؤ پر دوبارہ شامل کیا گیا ان کے مطابق یہ تین سال اُن کے لیے وہ سبق لے کر آئے جو اکثر سیاستدان پوری زندگی میں نہیں سیکھ پاتے۔

انہوں نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف منظم کردارکشی کی گئی جس کے اثرات آج تک باقی ہیں اور یہی زخم پی ٹی آئی میں واپسی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

شیر افضل کے مطابق انہیں خود عمران خان کی جانب سے دوبارہ شمولیت کی دعوت ملی مگر انہوں نے چوتھی مرتبہ نکالے جانے کے خدشے کے باعث پارٹی میں واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی سیاست جذبات نہیں بلکہ تدبر، عقل اور تحمل پر مبنی ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کبھی کبھی خاموشی بھی ایک بیانیہ ہوتی ہے اور میرا بیانیہ اب وقار، خودداری اور اطمینانِ قلب ہے۔

مسلم لیگ (ن) سے متعلق گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ن لیگ میں کچھ ایسی شخصیات ہیں جنہیں میں ذاتی طور پر عزت کی نگاہ سے د یکھتا ہوں اور ان میں خواجہ سعد رفیق نمایاں ہیں۔

ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ نئی سیاسی پناہ کی تلاش میں ہیں جبکہ کچھ نے کہا کہ انہیں اپنے تجربات بیان کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق شیر افضل مروت کا لہجہ اور گفتگو ایک ممکنہ نئی سیاسی سمت کی نشاندہی کرتی ہے تاہم انہوں نے اب تک باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق کی ایکس پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں شیر افضل مروت کے حوالے سے کچھ باتیں اورایک ملاقات کا ذکرکیا گیا تھا

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *