قرضوں کے بوجھ تلے دبے خیبرپختونخوا میں حکمرانوں کی شاہ خرچیاں، ججز کیلئے نئی گاڑیاں اور وزیروں، مشیروں کیلئے الائونسز میں اضافے کی منظوری لینے کا فیصلہ۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا آئندہ ہفتے کا ایجنڈا سامنے آگیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق سینئر ججز کیلئے 18مہنگی گاڑیاں خریدنے کیلئے منظوری لی جائیگی۔جبکہ وزیروں، مشیروں اور معاونین کی مراعات میں بھی اضافے کی منظوری لی جائیگی۔ذرائع کے مطابق پابندی کے باوجود وزراء کی تنخواہوں، مراعات اور الائونس بل میں ترمیم کرکے اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزراء ،مشیروں اور معاونین خصوصی کو دیے جانے والے ہائوس رینٹ، سبسڈی اورمرمت میں اضافہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے مذاکرات پر مشروط حامی بھرلی
وزراء ،مشیر اور معاونین خصوصی کی رہائش کی تزئین و آرائش پر 5 لاکھ کی جگہ 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کی منظوری لی جائیگی۔جبکہ سرکاری گھر نہ ہونے کی صورت میں کرائے کے گھر کیلئے کرایہ 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے ماہانہ کیا جائےگا۔اس کے علاوہ وزیروں،مشیر وںاور معاونین خصوصی کی ہائوس سبسڈی بھی 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کی جائےگی۔دستاویز کے مطابق رہائش کی تزئین و آرائش میں 5 لاکھ اور کرایہ میں 1 لاکھ 30 ہزار روپے کا اضافہ کرنے کی منظوری لی جائیگی۔ ایک جانب حکومت کفایت شعاری مہم کا دعویٰ کر رہی ہے اور دوسری جانب قرضوں پر چلنے والی حکومت کے وزرا اور مشیروں کیلئے خزانے پر مزید کروڑوں روپے کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔