خیبرپختونخوا میں سرکاری کام بند، کل قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی،وجوہات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا میں سرکاری کام بند، کل قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی،وجوہات سامنے آگئیں

خیبرپختونخوا حکومت کا ایک غیر معمولی اور متنازع فیصلہ سامنے آیا ہے جہاں صوبائی انتظامیہ نے خود ہی ایک دن کیلئے سرکاری نظام معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ قلم چھوڑ ہڑتال کی اس کال کو بظاہر وفاق سے فنڈز نہ ملنے کے ردعمل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے تاہم اس اقدام کے پیچھے اصل مقصد سیاسی دباؤ بڑھانا اور اپنے بیانیے کو تقویت دینا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اس فیصلے کو صوبے کے ساتھ مبینہ ناانصافیوں کے خلاف احتجاج قرار دیا جن میں این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس کے معاملات شامل ہیں۔ لیکن سیاسی و تجزیہ کار حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر واقعی مالی یا آئینی مسائل ہیں تو ان کے حل کیلئے ادارہ جاتی اور آئینی راستے موجود ہیں نہ کہ پورے سرکاری نظام کو روک دینا۔

اس اقدام پر سب سے بڑی تنقید یہ سامنے آ رہی ہے کہ حکومت نے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے سرکاری اداروں اور عوامی خدمات کو بھی رگڑ دیا ہے۔ سرکاری دفاتر قلم چھوڑ ہڑتال سے عام شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا جنہیں پہلے ہی مہنگائی اور دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں بڑی پیش رفت سے متعلق آگاہ کر دیا

 کسی بھی جمہوری نظام میں حکومت کا کردار مسائل حل کرنا ہوتا ہے نہ کہ خود ہی نظام کو معطل کر کے عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنا۔ یہ اقدام نہ صرف انتظامی کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا صوبائی حکومت احتجاج کے نام پر ریاستی مشینری کو سیاسی ہتھیار بنا رہی ہے؟

دوسری جانب حکومتی حامی اس فیصلے کو صوبائی حقوق کیلئے ایک جرات مندانہ قدم قرار دے رہے ہیں، تاہم مجموعی طور پر اس اقدام نے سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے اور وفاق و صوبے کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

editor

Related Articles