اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ایک نیا فراڈ تیزی سے پھیل رہا ہے جس میں دھوکے باز کال کر کے یہ کہتے ہیں کہ انہوں نے غلطی سے آپ کے بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر دی ہے اور پھر وہی رقم واپس مانگتے ہیں ۔
مرکزی بینک کے مطابق اس طرح کی کالز دراصل پیسے ہتھیانے کا ایک حربہ ہیں لہٰذا شہری کسی بھی دباؤ یا ترغیب میں آ کر رقم یا اپنی بینکنگ معلومات ہرگز فراہم نہ کریں۔
اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی کو ایسی کال یا پیغام موصول ہو تو سب سے پہلے اپنا اکاؤنٹ اور حالیہ ٹرانزیکشنز چیک کریں اور پھر اپنے بینک سے رابطہ کریں مزید احتیاط کے طور پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پی ٹی اے کو ہیلپ لائن نمبر 080025625 پر اطلاع دیں تاکہ فراڈ کے واقعات کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔
مرکزی بینک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم بھی شروع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شہری کسی بھی نامعلوم شخص کی باتوں یا جذباتی کہانیوں پر یقین نہ کریں ۔
بینک سے متعلق کوئی تفصیل شیئر نہ کریں اور اگر کسی رقم کے منتقل ہونے کا دعویٰ کیا جائے تو پہلے خود تصدیق کریں اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ہوشیاری اور بروقت اطلاع ہی ایسے فراڈ سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔