کامیابیوں کا سفر جاری، پاکستان نے 14 ممالک کو پیچھے چھوڑ کر ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس کی میزبانی حاصل کرلی

کامیابیوں کا سفر جاری، پاکستان نے 14 ممالک کو پیچھے چھوڑ کر ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس کی میزبانی حاصل کرلی

پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم 2026 کی میزبانی جیت لی ہے۔ یہ اعلان چین کے شہر شوجو میں منعقد ہونے والے ورلڈ شیفس فورم 2025 کے دوران کیا گیا جہاں دنیا بھر سے شیفس کی نمائندہ تنظیمیں شریک تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان آرمی کا پیشہ ورانہ مہارت میں بڑا اعزاز، کیمبرین پٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو کسی بین الاقوامی شیف فورم کی میزبانی کا موقع ملا ہے اور یہ ایونٹ اکتوبر 2026 میں پاکستان کے 2 بڑے شہروں اسلام آباد اور لاہور میں منعقد ہوگا۔

احمد شفیق کی قیادت میں تاریخی کامیابی

پاکستان کی نمائندگی شیفس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے فاؤنڈر اور صدر احمد شفیق نے کی، جنہوں نے ایک زبردست سفارتی اور پیشہ ورانہ مہم کے ذریعے پاکستان کے حق میں ووٹ حاصل کیے۔ میزبانی کے حصول کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان نے 21 میں سے 13 ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا۔

احمد شفیق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے، جو نہ صرف ملکی شیف کمیونٹی کے لیے بین الاقوامی دروازے کھولے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بھی مزید مضبوط کرے گا‘۔

دنیا بھر کے شیفس پاکستان آئیں گے

ورلڈ شیفس ایشیا پریذیڈنٹس فورم کے تحت دنیا کے 21 ایشیائی ممالک کے شیف صدور، نامور عالمی شیفس اور بین الاقوامی ایسوسی ایشنز کے نمائندے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر شیفنگ کے شعبے میں تربیتی ورکشاپس، کلچرل ایکسچینج پروگرامز، انٹرنیشنل فوڈ فیسٹیولز اور نیٹ ورکنگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستانی شیفس کے لیے بین الاقوامی مواقع

احمد شفیق کا کہنا تھا کہ’یہ ایونٹ نہ صرف پاکستانی شیفس کو عالمی سطح پر متعارف کرائے گا بلکہ انہیں بین الاقوامی ہوٹل انڈسٹری اور فوڈ چینز میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا‘۔

مزید پڑھیں:دورہ ملائیشیا : وزیراعظم شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا

رکن ممالک کی فہرست

ایشیا پریذیڈنٹس فورم کے رکن ممالک میں چین، پاکستان، بھارت، سری لنکا، جمہوریہ کوریا، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان، مکاؤ، ملائیشیا، سنگاپور، مالدیپ، فلپائن، نیپال سمیت متعدد دیگر ممالک شامل ہیں۔

حکومتی اور نجی اداروں سے تعاون کی توقع

ایونٹ کی کامیاب میزبانی کے لیے حکومت پاکستان، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، وزارت بین الصوبائی رابطہ، وزارت تجارت، اور پرائیویٹ سیکٹر سے مکمل تعاون متوقع ہے۔ اس ایونٹ سے نہ صرف پاکستان کے فوڈ اینڈ ہاسپیٹیلٹی سیکٹر کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی سیاحت کو بھی نئی جہتیں ملیں گی۔

یہ میزبانی پاکستانی شیفس کے لیے ایک تاریخی موقع ہے جو انہیں عالمی سطح پر اپنی مہارت اور ثقافت پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *