کیا آنے والے دنوں میں ملک بھر میں ایندھن کا سنگین بحران پیدا ہو سکتا ہے؟ جانیئے تفصیلات

کیا آنے والے دنوں میں ملک بھر میں ایندھن کا سنگین بحران پیدا ہو سکتا ہے؟ جانیئے تفصیلات

آئل کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ سندھ حکومت کی نئی پالیسی کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں ملک بھر میں ایندھن کا سنگین بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (او ایم اے پی) کے چیئرمین طارق وزیر علی نے وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا کہ سندھ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عائد کردہ 1اعشاریہ 85 فیصد انفراسٹرکچر سیس اور لازمی بینک گارنٹی کا تقاضا تیل کی درآمدی نظام کو مفلوج کر سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق نئی پالیسی کے تحت بینک گارنٹی جمع کرانے کی شرط نے تیل کمپنیوں کے ورکنگ کیپٹل کو منجمد کر دیا ہے جس سے ان کی درآمدی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔ کمپنیوں کو پہلے ہی تاخیر سے ملنے والے ٹیکس ریفنڈز، غیر ملکی زرمبادلہ کے نقصانات اور محدود منافع کی شرح کا سامنا ہے۔

او ایم اے پی کے مطابق نئی پالیسی سے فی لیٹر تیل کی قیمت میں تقریباً دو روپے پچاس پیسے سے تین روپے تک کا اضافی بوجھ پڑے گا، جسے موجودہ قیمتوں کے ضابطے کے تحت صارفین پر منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ اس سے نہ صرف درآمدی آپریشنز متاثر ہوں گے بلکہ ملک میں ایندھن کی فراہمی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق کراچی پورٹ پر ایندھن کی کئی بڑی شپمنٹس کلیئرنس کے انتظار میں پھنسی ہوئی ہیں، جن میں پی ایس او، ایچ پی ایل اور پارکو کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی ترسیل شامل ہے۔

ان شپمنٹس کی تاخیر سے ملک میں ایندھن کی کمی واقع ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور زرعی شعبے کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔

اسی نوعیت کے ایک دوسرے خط میں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے بھی وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ سندھ حکومت کے فیصلے سے متعدد پیٹرولیم کارگو کراچی بندرگاہ پر رکے ہوئے ہیں، جبکہ 100 فیصد بینک گارنٹی کے اچانک نفاذ سے درآمدی عمل تعطل کا شکار ہے۔

او ایم اے پی نے وفاقی وزارتِ توانائی، سندھ حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے فوری رابطے اور پالیسی کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اقدامات واپس نہ لیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل رکنے سے ملک میں ایندھن کا بحران پیدا ہوجائیگا اور شہری عدم دستیابی کی وجہ سے کسی بھی قیمت پر پیٹرول حاصل نہیں کرسکیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *