بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ سے بھری گاڑی تباہ

بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ سے بھری گاڑی تباہ

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے سردی خیل میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ اسلحہ اور گولہ بارود سے بھری ایک گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود سے لدی ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم گاڑی میں سوار افراد نے فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی دھماکے سے تباہ ہو گئی اور اس میں سوار چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والی گاڑی میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا، تاہم ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Articles