پاکستان کو ایک اور عالمی ادارے کی سربراہی مل گئی

پاکستان کو ایک اور عالمی ادارے کی سربراہی مل گئی

پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کے عالمی پلیٹ فارم پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کو ورلڈ ایسوسی ایشن آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسیز(ڈبلیو آئی پی اے) میں 2025 کے لیے جنوبی ایشیا ریجن کی صدارت مل گئی ہے۔ یہ فیصلہ شارجہ میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں تمام رکن ممالک، بشمول بھارت  نے پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے اسے متفقہ طور پر ریجنل صدر منتخب کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکہ میں اہم ملاقاتیں، امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کی، جنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع کی بھی علامت ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ’ڈبلیو آئی پی اے‘ کے تمام جنوبی ایشیائی رکن ممالک نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا، جس میں بھارت کی حمایت بھی شامل تھی،  جو ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ورلڈ ایسوسی ایشن آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسیز کی 2026 کی عالمی کانفرنس کی میزبانی کی بھی پیشکش کر دی ہے، جو منظوری کی صورت میں پاکستان کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کا ایک سنہری موقع ہوگا۔

ریجنل صدارت ملنے کے بعد پاکستان اب جنوبی ایشیائی ممالک کی نمائندگی اور قیادت کرے گا، اور خطے میں سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں، منصوبوں اور تعاون کو مربوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں:سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع، چینی کمپنیوں کوسرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول مہیا کریں گے،احسن اقبال

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان کے عالمی اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کو معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ’ڈبلیو آئی پی اے‘ دنیا بھر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے والے اداروں کا نیٹ ورک ہے، جو عالمی معیشت میں انویسٹمنٹ پالیسیز، تعاون اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

Related Articles