راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گئی، قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری اننگز میں محض 68 رنز کی برتری حاصل کر سکی۔ کھیل کے چوتھے روز کے آغاز پر ہی پاکستانی بلے باز مشکلات میں گھر گئے اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی چلی گئی۔
گزشتہ روز پاکستان نے 71 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا، تاہم ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز بری طرح ناکام رہے۔ امام الحق 9، کپتان شان مسعود صفر، عبداللہ شفیق 6 اور سعود شکیل صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بھی کوئی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم معمولی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقا نے بھرپور جوابی کارکردگی دکھاتے ہوئے 404 رنز اسکور کیے اور 71 رنز کی برتری حاصل کی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے لوئر آرڈر بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
کیشو مہراج اور سینورن متھو سوامی کے درمیان 71 رنز کی قیمتی شراکت قائم ہوئی، اس کے بعد متھو سوامی اور فاسٹ بولر کاگیسو رابادا نے 98 رنز کی پارٹنر شپ جوڑی۔ مارکو جانسن اور متھو سوامی نے مزید 25 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ ٹرائسٹن اسٹبس اور ٹونی ڈی زوزی کے درمیان بھی 113 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مہمان ٹیم کی آخری تین وکٹوں نے مجموعی طور پر 194 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر آصف آفریدی سب سے نمایاں رہے جنہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کی صورتحال کے مطابق جنوبی افریقا کو جیت کے لیے صرف 68 رنز درکار ہیں اور قومی ٹیم کو فتح کے لیے غیر معمولی بولنگ کارکردگی دکھانا ہوگی۔