پاکستان جنوبی اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان ’پل‘ کی حیثیت رکھتا ہے، اسحاق ڈار

پاکستان جنوبی اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان ’پل‘ کی حیثیت رکھتا ہے، اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک قدرتی پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں توانائی، تجارت اور ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان، افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ، ’صحیح سمت میں پہلا قدم‘، وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا خیر مقدم

جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ریجنل کنیکٹیویٹی کا مرکز بن چکا ہے اور حکومت اس سمت میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق علاقائی راہداریاں نہ صرف تجارت بلکہ اعتماد سازی اور دیرپا ترقی کا ذریعہ بھی ہیں۔

کاسا-1000 منصوبے پر عملدرآمد کا عزم

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کاسا-1000 منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے جو وسطی ایشیائی ممالک سے بجلی کے تبادلے کا اہم ذریعہ بنے گا۔ پاکستان خطے کے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے اور کراس بارڈر سہولیات کو جدید بنانے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔

سی پیک: ترقی و رابطوں کا محور

اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور تجارت کے فروغ کے لیے بنیاد فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے روڈ نیٹ ورکس علاقائی روابط کے فروغ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو وسطی ایشیا کو پاکستان کی بندرگاہوں سے جوڑے گا۔

ریل، روڈ اور بندرگاہی ترقی حکومت کی ترجیح

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان ریل اور روڈ نیٹ ورکس کی توسیع کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے جبکہ ای ٹرانسپورٹ سسٹم کے نفاذ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

علاقائی تعاون کی نئی راہیں

نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی راہداریاں ترقی اور باہمی تعاون کے دروازے کھولتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو روزہ کانفرنس سے عملی نتائج اور تعمیری تجاویز سامنے آئیں گی جو خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائیں گی۔

وفاقی وزیر مواصلات کا افتتاحی خطاب

کانفرنس کے آغاز پر وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اس فورم کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور تجارت میں تعاون بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ مواصلات نے اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

بین الاقوامی شرکت اور نمائندگی

دو روزہ کانفرنس میں سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان، ازبکستان، قازقستان، ایران، بیلاروس، ترکمانستان، سری لنکا اور مالدیپ کے وزرائے ٹرانسپورٹ شریک ہیں۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب کے بعد دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اسحاق ڈار

اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی پی) اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) ، انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ یونین  (آئی آر یو) اور اقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوبین (یو این ایس جی ) بھی شریک ہیں۔

عوام کے لیے ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر ایکسپو

کانفرنس کے موقع پر عوام کے لیے ایک ٹرانسپورٹ اینڈ انفراسٹرکچر ایکسپو کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جہاں ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنے منصوبے، ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

خطے میں پاکستان کا بڑھتا کردار

رپورٹ کے مطابق کانفرنس کے دوران خطے میں ٹرانزٹ ٹریڈ، گرین ٹرانسپورٹیشن اور پائیدار انفراسٹرکچر کے فروغ سے متعلق متعدد تجاویز پر غور اور مفاہمتی یادداشتوں  پر دستخط متوقع ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *