سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکرٹری دفاع رومانیہ ایڈورڈ باچائڈے اور چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد سے اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے اور دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے باہمی ہم آہنگی اور مضبوط سفارتی و دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، رومانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ اور بڑھتے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون، تربیتی شراکت داری اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
رومانیہ کے سیکرٹری دفاع ایڈورڈ باچائڈے نے پاک فضائیہ کی شاندار عسکری کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رومانیہ، پاک فضائیہ کے وسیع تجربے سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ اسی طرح، رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین طویل المدتی تزویراتی تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔
سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی شراکت داری کو نئی سمت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور رومانیہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں قریبی تعاون اور مضبوط تعلقات کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔