ملک میں جمادی الاوّل 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد 24 اکتوبر کو یکم جمادی الاوّل ہوگی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی چاند کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات، وزارت مذہبی امور اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اجلاس کے دوران مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں اور موسمی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ ملک میں جمادی الاوّل کا چاند نظر آگیا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اسلامی مہینے جمادی الاوّل 1447ھ کا آغاز باضابطہ طور پر 24 اکتوبر 2025 سے ہوگا۔