حکومت کا پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

حکومت کا پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں بھارتی شہروں میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف رپورٹس اور متعلقہ اداروں کی بریفنگ کے بعد اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی ٹیم کو بھارت بھیجنا محفوظ نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی میزبان شہروں میں حالیہ واقعات اور ممکنہ خطرات پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ قومی مفاد اور کھلاڑیوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کی بھارت روانگی منسوخ کر دی جائے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے حکومت کے اس فیصلے سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے ایف آئی ایچ کو ایک متبادل تجویز پیش کی ہے، جس کے مطابق پاکستان کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منعقد کیے جا سکتے ہیں تاکہ ٹیم عالمی ایونٹ میں حصہ لینے سے محروم نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: سلطان جوہر ہاکی کپ : پاکستان اور بھارت کا سنسنی خیز میچ 3-3 گول سے برابر

واضح رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارت میں شروع ہوگا اور 11 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کی جونیئر ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کر سکی تھی۔ اس وقت بھی حکومت نے کھلاڑیوں کی جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ موجودہ فیصلے کے بعد ایک مرتبہ پھر دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں تناؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *