علی ترین کا پی سی بی کے لیگل نوٹس پر ردعمل سامنے آگیا

علی ترین کا پی سی بی کے لیگل نوٹس پر ردعمل سامنے آگیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے موصول ہونے والا قانونی نوٹس پھاڑ کر مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھکنے والے نہیں۔

علی ترین نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ انہیں پی ایس ایل مینجمنٹ کی طرف سے ایک لیگل نوٹس موصول ہوا، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے تنقیدی بیانات واپس لیں، معافی مانگیں اور بصورت دیگر ان کا فرنچائز معاہدہ منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ وہ دھمکیوں سے خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ “میں خاموش نہیں رہوں گا،” علی ترین نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا۔

ملتان سلطانز کے مالک نے واضح کیا کہ انہیں پی ایس ایل سے بے پناہ محبت ہے، کیونکہ یہ لیگ صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی لیگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج تک پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا، “نہ کسی نے فون کیا، نہ کوئی ای میل آئی، اور نہ ہی میرے خدشات یا تجاویز سننے کی کوشش کی گئی۔”

یہ بھی پڑھیں: کھیل بھی، تعلیم بھی ساتھ، نوجوان کرکٹرز کے لیے تعلیمی اسکالرشپس کا اعلان، پی سی بی کا تاریخی اقدام

دلچسپ انداز میں علی ترین نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایک ذو معنی معذرت بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا، “میں ڈرافٹ، ٹریننگ سہولیات اور افتتاحی تقریب پر تنقید کرنے پر معافی چاہتا ہوں، اور یہ بھی معافی مانگتا ہوں کہ میں نے پی ایس ایل مینجمنٹ میں اہل اور قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کیا۔”

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ملتان سلطانز کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، فرنچائز پر الزام ہے کہ پی ایس ایل 10 سے قبل سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹس کے ذریعے لیگ کی قدر کم کرنے کی کوشش کی گئی، تاکہ آئندہ دس سال کے لیے ویلیو ایشن کو نیچے لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، اگر ملتان سلطانز کی جانب سے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا گیا تو معاہدے کی منسوخی اور مالکان کو بلیک لسٹ کرنے کا امکان موجود ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *