پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے ملک بھرکے تمام ائیرپورٹس کو کیش لیس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافروں اور سٹاف کو ائیرپورٹ پر تمام ترسروسز اب کیش لیس میسر ہوں گی، ائیرپورٹ اتھارٹی سٹیٹ بینک کے اشتراک کے ساتھ تمام ایئرپورٹس پر کیو آر کوڈز کی تنصیب کرے گی۔
ائیر پورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق ائیرپورٹس پر موجود تمام دکانیں اور وینڈرز کیش لیس سسٹم اپنائیں گے ،پہلے مرحلے میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس پر کیش لیس سسٹم متعارف ہوگا ۔
دوسرے مرحلے میں فیصل آباد ، ملتان اور سیالکوٹ ائیرپورٹ پر یہ سروس فراہم کی جائے گی ۔
اس نظام سے نہ صرف عوامی سطح پر نقدی کے استعمال میں کمی آئے گی بلکہ سیکیورٹی میں بہتری، لین دین کی رفتار میں اضافہ، اور مالی بے ضابطگیوں میں کمی بھی متوقع ہے۔
اس اقدام سے پاکستان کے ہوائی اڈے جدید ڈیجیٹل معیار کے قریب تر ہو جائیں گے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔