فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملک بھر میں مختلف کیٹیگریز کی 1394 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے لیے اہل اور باصلاحیت امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان آسامیوں کا مقصد ایسے نوجوانوں کو موقع فراہم کرنا ہے جو ایک پیشہ ور قانون نافذ کرنے والے ادارے کا حصہ بن کر جرائم کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
بھرتی کے عمل میں ایسے افراد کو ترجیح دی جائے گی جو قومی سلامتی کو یقینی بنانے، دیانت داری کو فروغ دینے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے عزم کے حامل ہوں، امیدواروں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اخلاقی معیار بھی بلند ہونا چاہیے تاکہ ادارے کی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں اس مقصد کے لیے www.npftas.pk کے ذریعے درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں امیدوار اپنی تفصیلات درج کر کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپلائی کر سکتے ہیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 4مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے ایک اہم قومی ادارہ ہے جو ملک میں پیچیدہ نوعیت کے جرائم، بشمول سائبر کرائم، مالیاتی بدعنوانی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتا ہے۔ ادارہ قومی سلامتی کے تحفظ، عوامی مفادات کے دفاع اور ریاستی ڈھانچے کو درپیش خطرات کے تدارک میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔