وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے “اپنی چھت اپنا گھر پروگرام” کے تحت صوبہ پنجاب میں گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ یہ منصوبہ عوام کو کم لاگت اور سہل شرائط پر اپنی رہائش فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے، جس سے ہزاروں بے گھر اور ضرورت مند خاندان فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے حال ہی میں فیصل آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ان خاندانوں سے ملاقات کی جن کے گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے گھروں کی تکمیل پر اہلِ خانہ کو مبارکباد دی اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔
مستفید ہونے والے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنا گھر بنانا اتنا آسان ہو جائے گا۔” ایک خاتون مستفید شہری نے بتایا کہ “ہم برسوں سے کرایے کے مکان میں رہ رہے تھے، مگر اب ‘اپنی چھت اپنا گھر پروگرام’ کے تحت ہمیں اپنے بچوں کے لیے مستقل ٹھکانہ مل گیا ہے۔”
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں اب تک 12,177 خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ 11,625 گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف لوگوں کو رہائش فراہم کر رہا ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ اس پروگرام سے تعمیراتی صنعت، مزدور طبقے اور چھوٹے کاروباروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق، اب تک پنجاب بھر میں 2,939 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ ہزاروں مزید گھروں کی تعمیر مختلف مراحل میں ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق یہ پروگرام شفاف، منصفانہ اور سہل شرائط کے ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ ہر ضرورت مند خاندان اپنی چھت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔