تنزانیہ کے صدارتی انتخابات میں تاریخ رقم، سامیہ سُلحُو حسن بھاری اکثریت سے صدر منتخب، انتخابی عمل تنازعات کا شکار

تنزانیہ کے صدارتی انتخابات میں تاریخ رقم، سامیہ سُلحُو حسن بھاری اکثریت سے صدر منتخب، انتخابی عمل تنازعات کا شکار

تنزانیہ کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ صدر سامیہ سُلحُو حسن نے صدارتی انتخابات میں 98 فیصد ووٹ حاصل کر کے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ مشرقی افریقہ کے اس اہم ملک کی آئندہ 5 سال کے لیے دوبارہ صدر منتخب ہو گئی ہیں۔

سامیہ سُلحُو حسن نے 2021 میں سابق صدر جان ماگوفولی کے انتقال کے بعد اقتدار سنبھالا تھا اور اب وہ تنزانیہ کی تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ آبادی پر دوبارہ حکومت کریں گی۔ وہ ملک کی پہلی خاتون صدر بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ کا مزید 36 ممالک پر امریکہ میں داخلے پر پابندی پر غور

البتہ انتخابات کے دوران اور بعد میں ملک کے مختلف حصوں میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے، جن میں درجنوں افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مین اپوزیشن پارٹی چاڈیما  کے مطابق احتجاجی مظاہروں میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے اور سیکڑوں گرفتار کیے گئے۔ تاہم اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم 3 شہروں، ڈارالسلام، ڈوڈوما اور ارُوشا میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین نے انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج کیا، سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں۔ پولیس نے ہنگامہ روکنے کے لیے آنسو گیس اور فائرنگ کا استعمال کیا، جس سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔

اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر صدر سامیہ حسن کے 2 بڑے حریف امیدواروں کو انتخابی دوڑ سے باہر کر کے انتخابات کو غیر منصفانہ بنا دیا۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن اور ریاستی ادارے حکومتی جماعت چاما چا مپنڈوزی  کے زیر اثر کام کر رہے ہیں۔

حکومت نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہلاکتوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اعداد و شمار ’بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے‘ ہیں۔ حکومتی ترجمان کے مطابق، ’الیکشن کمیشن نے آئین کے مطابق شفاف انتخابی عمل مکمل کیا اور صدر سامیہ حسن عوام کے ووٹ سے دوبارہ منتخب ہوئی ہیں۔‘

مزید پڑھیں:حکومت کا ڈاکٹر سید توقیر شاہ کو وزیر اعظم کا مشیر برائے کیبنٹ ڈویژن بنانے کا فیصلہ

عالمی مبصرین کے مطابق تنزانیہ میں ہونے والے حالیہ انتخابات مشرقی افریقہ کے سیاسی استحکام کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔ یورپی یونین اور افریقی یونین نے بھی انتخابی عمل اور بعد ازاں ہونے والے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور مکالمے کی اپیل کی ہے۔

صدر سامیہ سُلحُو حسن نے اپنی کامیابی کے بعد قوم سے خطاب میں کہا کہ، ’میں تنزانیہ کے عوام کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ایک بار پھر مجھ پر اعتماد کیا۔ میرا عزم ہے کہ ملک کو ترقی، یکجہتی اور امن کے راستے پر گامزن رکھوں۔‘

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *