نادرا نے شہریوں کے لیے نکاح کے آن لائن اندراج کی سہولت متعارف کروا دی ہے، جس کے ذریعے اب لوگ اپنے نکاح کا اندراج متعلقہ یونین کونسل میں براہ راست پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کروا سکتے ہیں۔
اس سہولت کے ذریعے شہری نہ صرف اپنا نکاح اندراج کروا سکیں گے بلکہ بعد میں میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کو بھی اسی موبائل ایپ کے آئی ڈی والٹ میں ڈاؤن لوڈ کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو نکاح کے سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے میں آسانی فراہم کرنا اور اس عمل کو زیادہ تیز اور سہل بنانا ہے۔
فی الحال یہ سہولت تین اضلاع میں فراہم کی جا رہی ہے: چکوال میں 71 یونین کونسلز، جہلم میں 44 یونین کونسلز، اور ننکانہ صاحب میں 65 یونین کونسلز ، نادرا نے اس بات کا عندیہ بھی دیا ہے کہ یہ سہولت مرحلہ وار پورے پاکستان میں دستیاب کرائی جائے گی تاکہ شہری کسی بھی قسم کے کاغذی یا دور دراز کے چکر کے بغیر اپنے نکاح کا اندراج کر سکیں۔
یہ سہولت نادرا کے پہلے سے شروع کردہ آن لائن خدمات کے تسلسل میں ہے، جن میں پیدائش اور وفات کے سرٹیفیکیٹس کے اندراج کی سہولت بھی شامل ہے۔
اب شہری یونین کونسل کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے اپنے بچوں کی پیدائش یا کسی بھی وفات کا اندراج آسانی سے کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت بھی فی الحال چکوال، جہلم اور ننکانہ صاحب میں فعال ہے، اور مستقبل میں دیگر اضلاع میں بھی دستیاب کر دی جائے گی۔
آن لائن اندراج کے ذریعے شہریوں کا وقت اور محنت دونوں بچیں گی، اور وہ سرکاری دستاویزات کو فوری اور محفوظ طریقے سے حاصل کر سکیں گے۔
اس سہولت سے نہ صرف سرکاری عملے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ شہری بھی بروقت سرکاری سرٹیفیکیٹس حاصل کر سکیں گے، جو قانونی اور انتظامی معاملات میں آسانی پیدا کریں گے۔