مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 185 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپیہ 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 163 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حکومت کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے نافذ رہیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو ہفتوں کے لیے اضافے کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 43 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث کیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر قیمتوں میں رد و بدل کا مقصد بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق نرخوں کو ہم آہنگ رکھنا ہے تاکہ ملکی معیشت پر اچانک اثرات سے بچا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام شہریوں پر مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ کرے گا، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *