پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے پارٹی کے سابق رہنماؤں کی جمعہ کے روز لاہور میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان کی رہائی کے لیے نئی تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے اور اس سلسلے میں اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک کی قیادت فواد چوہدری کریں گے جبکہ تحریک میں عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان اور دیگر سابق رہنما بھی شامل ہوں گے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے سابق قیادت اسٹبلشمنٹ سے رابطے کرے گی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ آئندہ دنوں میں عمران خان سے ملاقات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی سابق قیادت شاہ محمود قریشی کی رہائی کے لیے بھی سرگرم ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے اور سیاسی درجہ حرارت کم کیا جائے۔ اس موقع پر قریشی کو یہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی کہ وہ سیاسی مفاہمت اور صورتحال کی بہتری میں فعال کردار ادا کریں۔
سابق قیادت کا مؤقف تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عمران خان کی رہائی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہی۔ اسی تناظر میں سابق رہنماؤں نے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومتی وزراء سے ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں فواد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی وفد جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور مفاہمتی فضا پیدا کرنے پر گفتگو ہوگی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں، بشمول شاہ محمود قریشی اور اعجاز چوہدری، سے ہونے والی ملاقاتوں میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک قدم آگے بڑھے اور تحریک انصاف ایک قدم پیچھے ہٹے تو سیاسی درجہ حرارت کم ہو سکتا ہے، کیونکہ ملک تبھی آگے بڑھ سکے گا جب سیاسی ماحول میں استحکام پیدا ہوگا۔