ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے ایک دلچسپ نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب ویڈیوز پر لائیک بٹن دبانے پر منفرد اینیمیشن ایفیکٹس نظر آئیں گے۔
یہ نیا انٹرایکٹو لائیک بٹن فی الحال محدود پیمانے پر متعارف کرایا گیا ہے اور مخصوص ویڈیوز پر دستیاب ہے۔ صارف جب ویڈیو کو لائیک کرے گا تو بٹن کے ساتھ مختصر دورانیے کی ایک دلکش انیمیشن ظاہر ہوگی۔
یوٹیوب کی جانب سے یہ فیچر اکتوبر 2025 کے وسط میں یوزر انٹرفیس (یو آئی) میں کی جانے والی بڑی تبدیلیوں کے حصے کے طور پر اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب اس کا عملی نفاذ شروع کر دیا گیا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق اس وقت 20 مختلف انیمیشنز دستیاب ہیں اور ہر انیمیشن کا تعلق ویڈیو کے موضوع سے ہے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف گاڑیوں یا آٹو ریسنگ سے متعلق ویڈیو دیکھ رہا ہے تو لائیک بٹن پر کلک کرنے سے دھواں چھوڑتے اسپننگ ٹائر کی انیمیشن دکھائی دے گی۔
تعلیمی ویڈیوز کے لیے لائیک بٹن ایک روشن بلب میں تبدیل ہو جائے گا، جو سیکھنے اور علم کی علامت ہے۔ کتے اور بلیوں سے متعلق ویڈیوز میں لائیک بٹن پیاری اور متحرک انیمیشنز دکھائے گا۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کے لیے بنائی گئی ویڈیوز پر یہ فیچر فی الحال دستیاب نہیں ہوگا، کیونکہ یوٹیوب بچوں کے مواد کے لیے مخصوص سیکیورٹی اور پرائیویسی پالیسیوں پر سختی سے عمل کرتا ہے۔
یوٹیوب انجینئرنگ ٹیم کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کے تجربے کو مزید دلچسپ اور ذاتی نوعیت کا بنانا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں صارفین کے ردعمل کا جائزہ لینے کے بعد فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
ٹیک ماہرین کے مطابق یہ انٹرایکٹو لائیک بٹن ویڈیو انگیجمنٹ بڑھانے اور مواد کے تخلیق کاروں کے لیے ناظرین کے ردعمل کو مزید پُراثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ صارفین نے سوشل میڈیا پر اس نئے فیچر کو سراہا ہے، اور بیشتر نے کہا ہے کہ اس سے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ پہلے سے زیادہ دلچسپ اور متحرک ہو گیا ہے۔
یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں وہ لائیک بٹن کے ساتھ ساتھ سبسکرائب اور شیئر بٹن کے لیے بھی اسی نوعیت کے انٹرایکٹو فیچرز متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔