سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری اور آخری قسط کی وصولی آج سے شروع ہو گئی ۔
سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی آخری قسط کی وصولی 10 نومبر تک جاری رہے گی ، وزارت مذہبی امورکے حکام کے مطابق بروقت دوسری قسط جمع نہ کرانے والے حج پر نہیں جاسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق دوسری قسط کی مد میں ساڑھے 6 لاکھ روپے فی کس وصول کیے جائیں گے، حج درخواست گزار دوسری قسط جمع کرواتے وقت پیکج تبدیل کروا سکیں گے، دوسری قسط کی وصولی کے بعد حج پیکج تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق دوسری قسط بر وقت جمع نہ کروانے پر حج درخواست منسوخ تصور ہو گی، منسوخ درخواستوں کی جمع شدہ پہلی قسط کی رقم بینک اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دی جائے گی۔
دوسری جانب پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج 2026 پر روانگی کے خواہش مند عازمین حج کے لیے خوشخبری سامنے آئی، وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کی بکنگ کی ڈیڈ لائن میں 5 دن کی توسیع کی تھی ۔
وزارت سے منظور شدہ حج منظم کمپنیوں کو حج پالیسی 2026 اور سروسز پرووائیڈر ایگریمنٹ (SPA) کے مطابق 22 اکتوبر تک پرائیویٹ حج کی بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج اسکیم کے لیے امسال 60 ہزار نشستیں رکھی گئی ہیں، 55 ہزار 500 عازمین حج نے بکنگ مکمل کر لی ہے جب کہ ابھی بھی ساڑھے 4 ہزار نشستیں پرائیویٹ سکیم میں دستیاب ہیں۔
علاوہ ازیں وزارتِ مذہبی امور نے نئی پالیسی جاری کردی ہے جس کے مطابق اگر کوئی رجسٹرڈ حاجی بیماری یا وفات کی وجہ سے حج پر نہ جاسکے تو اس کا کوئی قریبی رشتہ دار حج کے لیے اہل ہوگا۔