پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) نے حکومتی اور ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے بعد جڑواں شہروں کو آٹے کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ’پی ایف ایم اے ‘کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ حکام کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی، جس میں آٹے کی سپلائی سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران انتظامیہ نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ چوکر پر پابندی ختم کر دی جائے گی اور آٹے کے پرمٹ جاری کرنے کا عمل تیز کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی فلور ملز کے لیے گندم کے پرمٹ فوری طور پر بحال کیے جائیں گے، جبکہ راولپنڈی کی ملوں کے لیے پرمٹ جاری کرنے کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ مزید برآں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ فلور ملز کے خلاف درج موجودہ ایف آئی آرز اور بھاری جرمانوں کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقات کے بعد، پی ایف ایم اے نے حکومتی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آٹے کی سپلائی حسبِ معمول جاری رہے گی۔ ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آٹے کی مارکیٹ میں استحکام اور جڑواں شہروں میں قلت سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔