آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدمقابل

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مدمقابل

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں آج (اتوار) کو برمنگھم کے تاریخی ایجبسٹن گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیمیں اپنے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

قومی ٹیم فاطمہ ثنا کی زیر قیادت گرین شرٹس مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں ، فاطمہ ثنا مسلسل دوسرے ٹی20 ورلڈ کپ میں کپتانی کے فرائض انجام دے رہی ہیں ، وہ حالیہ عرصے میں شاندار فارم میں ہیں اور گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کی تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر چکی ہیں۔

پاکستان اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے ، ایمن فاطمہ، رامین شمیم اور سائرہ جبیّن پہلی بار ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ منیبہ علی صدیقی، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔

منیبہ علی صدیقی پاکستان کی جانب سے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بلے باز ہیں، جبکہ نشرہ سندھو ایونٹ میں پاکستان کی سب سے کامیاب بولر ہیں۔

ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز، آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز اور حالیہ وارم اپ میچز بھی کھیلے ہیں۔

مینٹور وہاب ریاض نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور اگر ٹیم بے خوف اور مثبت کرکٹ کھیلے تو سیمی فائنل تک رسائی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری ، ابرار احمد اور شاہین آفریدی کی ترقی

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کے 10ویں ایڈیشن کی میزبانی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ 12 جون سے 5 جولائی تک کر رہا ہے، یہ تاریخ کا سب سے بڑا ویمنز T20 ورلڈ کپ ہے، جس میں ٹیموں کی تعداد 10 سے بڑھ کر 12 ہو گئی ہے ۔

ٹورنامنٹ میں سات مقامات پر کل 33 میچ کھیلے جائیں گے، جس کا فائنل 5 جولائی کو لندن کے مشہور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے ۔

پاکستان کو چھ مرتبہ کی ریکارڈ چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور ہالینڈ کے ساتھ گروپ 1 میں رکھا گیا ہے، جو ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کریں گے ۔

گروپ 2 میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، میزبان انگلینڈ، 2016 کی فاتح ویسٹ انڈیز، سری لنکا، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں ، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 30 جون اور 2 جولائی کو شیڈول ہیں ۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک کھیلے گئے نو ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کو صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی ہے، جو 2022 کے ایشیا کپ میں ملی تھی تاہم قومی ٹیم اس بار تاریخ رقم کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

editor

Related Articles