کوئٹہ کینٹ میں تمام تعلیمی ادارے 3 روز کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں تاہم سرکاری سطح پر نوٹی فکیشن ابھی سامنے نہیں آیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کینٹ کے تمام تعلیمی ادارے 12 سے 14 نومبر تک بند رہیں گے، نہم اور دہم کے پیپرز بھی مؤخر کردیے گئے ، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس اچانک فیصلے کے تحت کنٹونمنٹ حدود میں قائم تمام سرکاری و نجی اسکولز بند رہیں گے ، اسکول انتظامیہ کو باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ، جس میں تین روز تک تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجوہات سامنے نہ آسکیں ، تاہم یہ اقدام سیکیورٹی خدشات اور انتظامی معاملات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کنٹونمنٹ کے اہم سرکاری و عسکری تنصیبات کے اطراف اضافی سیکیورٹی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
والدین اور طلبہ نے اس اچانک فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکام سے صورتحال کے بارے میں وضاحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسکول انتظامیہ نے بھی 14 نومبر کے بعد دوبارہ کھلنے سے متعلق سرکاری ہدایات طلب کی ہیں ، حکومتی سطح پر اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔