پنجاب پولیس نے غیر قانونی تارکینِ وطن، خصوصاً غیر دستاویزی افغان باشندوں کی نشاندہی کرنے والے شہریوں کے لیے نقد انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو شہری غیر قانونی افغان شہریوں یا دیگر غیر ملکیوں کی اطلاع دیں گے، ان کے نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھے جائیں گے۔ ہر درست نشاندہی پر اطلاع دینے والے کو 10 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر فوری کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جو غیر قانونی افغانوں کو رہائش، کاروبار یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع بتا رہے ہیں کہ پنجاب بھر میں ان افغان باشندوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جا چکا ہے جو سیاحت یا علاج کے ویزے پر پاکستان آئے تھے مگر ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود یہاں مقیم ہیں یا کاروباری سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ یہ مہم نہ صرف غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ہے بلکہ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی شناخت محفوظ رکھی جائے گی تاکہ وہ بلاخوف و خطر اطلاع فراہم کر سکیں۔
اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صوبے کو غیر قانونی عناصر سے پاک کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اس اعلان سے پولیس کو زمینی سطح پر مزید معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی کوششوں میں تیزی آئے گی۔