ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف کی طلبا و اساتذہ سے خصوصی نشست، قومی اتحاد پر گفتگو

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف کی طلبا و اساتذہ سے خصوصی نشست، قومی اتحاد پر گفتگو

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں افواجِ پاکستان کے آپریشنل اُمور، داخلی سلامتی کی صورتحال اور نوجوان نسل کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبا کو پاک فوج کی قربانیوں، دہشتگردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز اور ملکی دفاع کے مضبوط عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ اندرونِ ملک امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی ہر محاذ پر سرگرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان کی شرائط معنی نہیں رکھتیں،دہشت گردی کاخاتمہ اہم ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اس موقع پر کانونٹ جیسس اینڈ میری اسکول کی پرنسپل نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ہمیشہ اپنے بہادر سپاہیوں کی احسان مند رہے گی جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

نشست میں شریک طلبا اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے بات چیت کو ایک اعزاز قرار دیا۔ طلبا کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کے نمائندے سے براہِ راست بات کرنے کا موقع ملا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری فوج ہر وقت پاکستانی عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔‘

طلبا نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہمیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈا اور گمراہ کن معلومات کے بارے میں آگاہی دی اور ہمیں یہ سکھایا کہ حقائق کو درست نقطۂ نظر سے دیکھنا کتنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آرکی 50 سینئر ترین صحافیوں سے طویل نشست،غزہ اور کشمیر پر دوٹوک موقف

اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے آج سیکھا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ہم پاک فوج کے عزم، حوصلے اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔‘

طلبا نے کہا کہ بطور ذمہ دار شہری ہمیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے جھوٹے بیانیے اور پروپیگنڈا سے خود کو بچانا ہوگا۔ میڈیا پر آنے والی خبروں کی تصدیق کرنا اور سچائی جاننا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاک فوج اور عوام نے مل کر بھارت کے خلاف ایک مضبوط اتحاد قائم کیا ہے، اور ہم اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ کس طرح ہماری مسلح افواج ملک کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔‘

نشست کا اختتام پاکستان کے حق میں نعرے ‘پاکستان ہمیشہ زندہ باد’ کے ساتھ ہوا، جب طلبا، اساتذہ اور فوجی افسران نے یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔

Related Articles