پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے سری لنکن ٹیم کے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر شکریہ ادا کرتے اسے قابل تعریف قرار دیدیا۔
شاہین آفریدی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ 14 اور 16 نومبرکو شائقین زیادہ سے زیادہ گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کے لئے پہنچیں ، پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل وقت میں سری لنکا نے پاکستان کا ساتھ دیا۔
اس حوالے سے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ سری لنکن بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں، مشکل وقت میں سری لنکا نے پاکستان کا ساتھ دیا،م پوری قوم سے درخواست ہے گراؤنڈ آئیں اور سپورٹ کریں۔
حارث رؤف اور ابرار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں سری لنکا کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، سری لنکا کے فیصلے سے کرکٹ کی جیت ہوئی اسے سراہتے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم کے پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر اظہارتشکر کیا ہے ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی لینڈرز کے دورہ پاکستان جاری رکھنے پر کہا کہ سری لنکن ٹیم نے کھیل کے جذبے اور یکجہتی کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی ضمانت دینے کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا ہے ، سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت سری لنکن ٹیم راولپنڈی موجود ہے، جہاں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے بعد زمبابوے کے ساتھ سہ ملکی سیریزبھی کھیلی جائے گی , پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بقیہ ایک روزہ میچز 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔