ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے کھیلی جانے والی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دو کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دے دی۔
ڈھاکہ میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی جانب سے احمد ندیم اور افراز نے دو، دو گول اسکور کیے جبکہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کی فاتح ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے گی۔
میچ کے آغاز میں میزبان ٹیم نے 3 پاکستانی حملے روکے اور اچھا آغاز کیا، تاہم جلد ہی پاکستان نے برتری حاصل کرلی۔ کپتان عماد بٹ نے چوتھے منٹ میں پنلٹی اسٹروک پر گول کرکے اسکور کھولا، اسی دوران بنگلادیش کے گول کیپر رومن سرکار سر پر چوٹ لگنے کے باعث اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جائے گئے۔
پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل حزیفہ نے ریورس ہٹ کے ذریعے اسکور برابر کیا، مگر 19ویں منٹ میں ندیم نے پاکستان کو دوبارہ برتری دلائی ، پاکستان کی جانب سے احمد ندیم اور افراز نے دو، دو جبکہ کپتان عماد بٹ، غضنفر علی ، رانا وحید اشرف اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سےحذیفہ اور امیر السلام نے گول بنائے، بنگلادیش کے کپتان رضاول کریم بابو نے دفاعی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے باقی میچوں میں بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کیا۔
پاک بنگلا سیریز کا دوسرا میچ 14 نومبر کو جبکہ آخری میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپیئن رانا مجاہد علی خان نے سیریز کی پہلی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ، سیریز کی فاتح ٹیم ہاکی ورلڈکپ کوالیفائر میں رسائی حاصل کرلی ہے۔