پہلے عالمی بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج (اتوار) روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان نرما رفیق نے اس اہم میچ میں بہتر کارکردگی کی امید کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں میزبان سری لنکا کے خلاف 221 رنز کی شاندار کامیابی نے پوری ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور کھلاڑی بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
واضح رہے کہ کولمبو میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے خلاف کوئی وکٹ گنوائے بغیر 331 رنز بنائے۔ آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ آل راؤنڈر مہرین علی نے 78 گیندوں پر 230 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ 18 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 19 نومبر کو قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ 20 نومبر کو پاکستان اور امریکا آمنے سامنے ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان کی بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی بیٹر مہرین علی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے بلائنڈ ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان ٹیم کی بیٹر مہرین علی نے سری لنکا کے خلاف 78 گیندوں پر 230 رنز اسکور کر کے بلائنڈ ویمنز کرکٹ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
شاندار بیٹنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا ریکارڈ پاکستان اور اپنے والدین کے نام کرتی ہیں۔ واضح رہے بلائنڈز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 211 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سری لنکا کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 331 رنز اسکور کیے۔جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر صرف 120 رنز بنا سکی۔