رائزنگ اسٹار ایشیا کپ: پاکستان شاہینز نے بھارت کو شکست دیدی

رائزنگ اسٹار ایشیا کپ: پاکستان شاہینز نے بھارت کو شکست دیدی

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کی ٹیم کو شاندار انداز میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ٹیم کے لیے مؤثر ثابت ہوا۔

بھارت اے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی بیٹرز میں سوریاونسی نے 45 جبکہ نمن دھیر نے 35 رنز کی اننگز کھیلیں۔ تاہم بھارت اے کی آخری 8 وکٹیں محض 45 رنز کا اضافہ کر سکیں، جس سے ٹیم بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہی۔

پاکستان شاہینز کی باولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ شاہد عزیز نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی ہے۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا اور 13.2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ کامیابی کے ہیرو معاذ صداقت رہے، جنہوں نے 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ محمد فائق 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد نعیم نے 14 اور یاسر نے 11 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کرکٹ ٹیم سہ ملکی ٹی20 سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی، ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی دوسری کامیابی ہے، جس کے بعد ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ پاکستان شاہینز اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *