مسقط میں جاری آئی بی ایس ایف اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار ہے، پاکستان کے مایہ ناز کیویسٹ محمد آصف نے ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرتے پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔
آصف نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں میزبان ملک عمان کے کھلاڑی قاسم البلوشی کے خلاف نہایت عمدہ اور یک طرفہ کھیل پیش کیا اور انہیں 0-3 سے شکست دے دی، اس میچ میں آصف نے ہر فریم میں بھرپور مہارت دکھائی اور اپنے حریف کو کھیل کا زیادہ موقع نہیں دیا۔
اس سے قبل محمد آصف نے اپنے پہلے میچ میں انڈونیشیا کے کھلاڑی گیبی پترا کو بھی واضح برتری کے ساتھ شکست دی تھی۔
دو مسلسل کامیابیوں کے بعد آصف نہ صرف اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں بلکہ انہیں گروپ راؤنڈ میں فیورٹ کھلاڑیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے ایک اور ابھرتے ہوئے اسنوکر پلیئر محمد حسنین اختر نے بھی ایونٹ کے آغاز میں بھرپور کارکردگی دکھائی اور ابتدائی دو میچز میں کامیابیاں سمیٹیں تاہم تیسرے گروپ میچ میں انہیں ایران کے کھلاڑی علی گراگوزلو کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود حسنین کے ابتدائی نتائج انہیں ناک آؤٹ راؤنڈ تک پہنچانے کے مضبوط امکانات ظاہر کرتے ہیں۔
ادھر پاکستان کے تیسرے کھلاڑی اسجد اقبال نے بھی ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کیا ہے اور وہ اپنے دونوں میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اچھی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں۔ اسجد کی پرسکون اور مرتب حکمتِ عملی انہیں اسنوکر کے بڑے مقابلوں میں ہمیشہ نمایاں کرتی ہے۔
پاکستان کے عالمی چیمپئن محمد آصف کی حالیہ فارم کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ورلڈ گیمز اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں انہوں نے برطانیہ کے زیک کوسکر کو بھی بھرپور مقابلے کے بعد 0-2 سے شکست دی تھی۔ اس میچ کے پہلے فریم میں انہوں نے 51 کا شاندار بریک لگاتے ہوئے 15-79 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرا فریم 31-89 سے ان کے نام رہا۔
اسنوکر کے شائقین امید کر رہے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی اپنی بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے اس ایونٹ میں ملک کا نام مزید روشن کریں گے۔