وفاقی آئینی عدالت کے 2 مزید ججز، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی، جہاں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے دونوں ججز سے حلف لیا۔
اس سے قبل جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس کے کے آغا پہلے ہی حلف اٹھا چکے تھے۔ یوں چیف جسٹس امین الدین خان سمیت وفاقی آئینی عدالت کے مجموعی طور پر سات ججز حلف اٹھا چکے ہیں۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے سب سے پہلے ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف لیا تھا، جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ نئی وفاقی آئینی عدالت کی تشکیل کے سلسلے میں یہ حلف برداریاں انتہائی اہم مرحلہ قرار دی جا رہی ہیں۔
حلف برداری کی تازہ تقریب میں اعلیٰ عدلیہ کے متعدد معزز ججز اور قانونی شخصیات نے شرکت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد حسین گیلانی اور سیکرٹری منظور احمد ججہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء نے نئے ججز کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وفاقی آئینی عدالت آئینی معاملات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔