الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری محفوظ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن مقامی حکومت کے انتخابات کے لیے سرکاری افسران، عدلیہ یا سرکاری ادارے سے ریٹرننگ آفیسر (آر او )، ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر ( ڈی آر او ) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر (اے آر او ) تعینات کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی معیاد 14 فروری 2021 کو مکمل ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن بلدیاتی حکومت کی معیاد مکمل ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کرانے کا پابند ہے لیکن اس کے باوجود اسلام آباد میں 2021 کے بعد سے اب تک الیکشن نہیں ہو سکے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے متعلقہ برانچ کو اسلام آباد لوکل گورنمنٹ شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کیا تھا ، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کرتے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں حالیہ ترمیم آئین اور قانون سے متصادم قرار کردیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو الیکشن ایکٹ کے مطابق اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے افسران کا تعین کرے، سیکرٹری یونین کونسل مقامی حکومتوں کے الیکشن کرانے کی ذمے داری نہیں نبھا سکتا، مخصوص نشستوں کے انتخابات الیکشن کمیشن کے نامزد کردہ افسران ہی کرائیں گے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔