آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ بالائی علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بارش ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیراورگلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

بارش کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دیر میں 13 ملی میٹر، پاراچنار میں 8 اور سیدو شریف میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :آئندہ 12 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

پنجاب میں خانیوال 30، نارووال 27، لاہور ایئرپورٹ 22، ڈیرہ غازی خان 21 اور کوٹ ادو میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گولڑہ 13، ایئرپورٹ 12، بوکرا 9 جبکہ زیرو پوائنٹ اور سیدپور میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ گجرات میں 9، لیہ میں 8 اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 4 سے 7 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح بہاولپور ایئرپورٹ پر7، شہرمیں 3،ملتان ایئرپورٹ پر 6، شہر میں 3، مری اور بہاولنگر میں 4، منگلا میں 2 جبکہ اوکاڑہ اور قصور میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کےعلاقے بارکھان میں 10 ملی میٹر جبکہ گلگت بلتستان کے بابو سر میں 3 اور گلگت میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دالبندین، شہید بینظیر آباد، نوکنڈی اور دادو میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث ان علاقوں میں شدید گرمی محسوس کی گئی۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

editor

Related Articles