یو اے ای کا بین الاقوامی مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

یو اے ای کا بین الاقوامی مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری سہولتوں میں مزید آسانی پیدا کرتے ہوئے ایک اہم اعلان کیا ہے جس کے تحت مخصوص غیر ملکی شہریوں کو ملک پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات 25 جون 2026 سے فلپائن کے اہل پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت متعارف کر رہا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت ایسے فلپائنی شہری جو بعض مخصوص ممالک کے درست ویزا یا رہائشی دستاویزات رکھتے ہوں گے، وہ پیشگی ویزا حاصل کیے بغیر یو اے ای میں داخل ہونے کے اہل ہو سکیں گے۔

اعلان کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کے پاس امریکا، یورپی یونین کے کسی رکن ملک، آسٹریلیا، جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، کینیڈا یا نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری کردہ کارآمد ویزا، رہائشی اجازت نامہ یا گرین کارڈ موجود ہونا ضروری ہوگا۔ یو اے ای پہنچنے پر مسافروں کو اپنا فلپائنی پاسپورٹ اور متعلقہ سفری دستاویزات امیگریشن حکام کے سامنے پیش کرنا ہوں گی جس کے بعد معمول کی جانچ پڑتال مکمل ہونے پر ویزا جاری کیا جائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :کم قیمت پر براہِ راست فلائٹس، یو اے ای جانیوالے پاکستانیوں کیلئےخوشخبری

نئے نظام کے تحت مسافروں کو دو مختلف اقسام کے ویزا دستیاب ہوں گے۔ پہلا ویزا 14 دن کے قیام کی اجازت دے گا، جس کی فیس 100 درہم مقرر کی گئی ہے۔ اس ویزا میں ایک مرتبہ مزید 14 دن کی توسیع کی سہولت بھی موجود ہوگی جس کے لیے 250 درہم اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب 60 روزہ ویزا 250 درہم کے عوض حاصل کیا جا سکے گا تاہم اس ویزا کی مدت میں توسیع ممکن نہیں ہوگی۔

فلپائن کے محکمہ خارجہ نے یو اے ای کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں فلپائنی شہری روزگار اور کاروبار کے سلسلے میں مقیم ہیں جس کے باعث اس نئی سہولت سے ہزاروں افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

editor

Related Articles