بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے اہم خبر

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے اہم خبر

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ملک بھر کی رجسٹرڈ مستحق خواتین کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے سوشل پروٹیکشن والٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

اس جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت ایک کروڑ سے زائد خواتین کو مفت موبائل سمز فراہم کی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے نہ صرف انہیں مالی امداد تک آسان، محفوظ اور براہِ راست رسائی ملے گی بلکہ انہیں ڈیجیٹل فنانس کے نئے دور سے بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، مالی لین دین میں شفافیت لانا اور بی آئی ایس پی کی تمام ادائیگیوں کو نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے اجراء سے خواتین کو ادائیگیوں کے حصول کے لیے بینکوں، دکانوں یا ایجنٹس کے پاس جانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں بی آئی ایس پی کی تمام اقساط، وظائف اور مالی سہولیات صرف اسی ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے منتقل ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک عام سم نہیں بلکہ ایک ’’ڈیجیٹل بٹوہ‘‘ ہے جو خواتین کو حقیقی مالی خودمختاری فراہم کرے گا اور ان کے مالی امور کو محفوظ بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کے مشن میں نقصان پاکستان کا ہو رہا ہے: فواد چوہدری

ڈیجیٹل والٹ حاصل کرنے کا طریقہ بھی انتہائی سہل رکھا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق مستحق خواتین کو صرف اپنا اصل شناختی کارڈ اور وہ موبائل فون جسے وہ روزمرہ استعمال کرتی ہیں، لے کر قریبی بی آئی ایس پی آفس یا کیمپ سائٹ میں جانا ہوگا۔

وہاں موجود عملہ ان کی بائیومیٹرک تصدیق کرے گا، جس کے بعد انہیں بالکل مفت موبائل سم فراہم کر دی جائے گی۔ یہی سم ان کا سوشل پروٹیکشن والٹ بن جائے گی جس کے ذریعے وہ اپنی مالی امداد کی تمام تفصیلات با آسانی دیکھ سکیں گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اس اقدام سے خواتین کو مالی دھوکے، کٹوتیوں اور غیر ضروری ثالثی سے چھٹکارا ملے گا کیونکہ تمام رقوم براہِ راست ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوں گی۔

اس والٹ تک رسائی صرف خواتین کو ہوگی، جس سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ بدعنوانی کے امکانات بھی ختم ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ نظام معاشرتی ترقی اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور بی آئی ایس پی کی خدمات کو مزید جدید، مؤثر اور قابلِ اعتماد بنائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *