وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا مقصد اسرائیل کے اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحد تک لانا ہے، ایران کی معاہدے پہ رضا مندی کے باوجود اس پہ جنگ مسلط کی گئی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ صیہونیت انسانیت کے لیے خطرہ ہے، فلسطین کی سرزمین پہ اسرائیل کے قائم ہونے سے لے کر آج تک اسلامی دنیا پہ جو بھی قیامتیں ٹوٹیں ، جو بھی جنگیں مسلط ہوئیں ان کے پیچھے صیہونی سوچ اور ریاست بالواسطہ یا بلا واسطہ کار فرما نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ہے ، بڑی طاقتیں صیہونیت کی یرغمال ہیں، وطن عزیز ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری افواج کا لوہا اللہ کے کرم اور مدد سے دنیا میں مانا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیلی حملے ، پاکستانی شہریوں کو ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے شہیدوں اور غازیوں کا احسان ہے کہ ہماری خود مختاری محفوظ ہے، اللہ ان تمام افراد پہ رحمتیں نازل کرے جنہوں نے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کیا، نواز شریف کی ہمت کو سلام جس نے ایٹمی دھماکے کیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان، ایران اور ہندوستان سب کے مشترکہ ایجنڈا کی بنیاد پاکستان دشمنی ہے اور یہ کہ ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوجائیں، پاکستان ہر طرف سے دشمنوں میں گھر جائے اور ایک دست نگر ریاست بن جائے، 25 کروڑ پاکستانیوں کو، چاہے وہ وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے رکھتے ہوں اختلافات کے باوجود اس سازش اور ازلی دشمنوں کے عزائم سمجھنے کی ضرورت ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اللہ عالم اسلام کو اتحاد دے، دشمن کو پہچاننے کی توفیق دے، فلسطین آزاد ہو، میرا وطن تا قیامت قائم رہے۔
صیہونیت انسانیت کے لئے خطرہ ھے۔ فلسطین کی سرزمین پہ اسرائیل کے قائم ھونے سے لیکر آجتک اسلامی دنیا پہ جو بھی قیامتیں ٹوٹیں جو بھی جنگیں مسلط ھوئیں انکے پیچھے صیہونی سوچ اور ریاست بالواسطہ یا بلا واسط کار فرما نظر آئیگی ۔ دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ھے۔ بڑی…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) March 3, 2026

