دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ تیجس تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، چشم دید شواہد منظر عام پر آگئے

دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ تیجس تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، چشم دید شواہد  منظر عام پر آگئے

دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ تیجس تکنیکی خرابی کے سبب گر کر تباہ ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا اور چشم دید شواہد کے مطابق حادثے سے قبل طیارے کے انجن کے سامنے سے ہلکی دھوئیں کی لکیریں نکلتی دیکھی گئی، جو ممکنہ طور پر لیک ہونے والے کسی فلوئیڈ کے جلنے کی نشاندہی کر رہی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی سہ پہر مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ دبئی ایئر شو میں ایک بڑے ہجوم کے سامنے فضائی مظاہرہ کر رہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ طیارے میں واضح تکنیکی خرابی تھی، تاہم اس کے باوجود اسے اڑایا گیا۔

حادثے کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور بھارتی ایئر فورس نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ واقعہ دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی تیجس کے تباہ ہونے سے دبئی ایئر شو داغدار، ایونٹ کی تاریخ میں پہلا المناک واقعہ قرار

یہ واقعہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ دبئی میں جاری 19 ویں ایئر شو کی تاریخ میں پہلی بار کسی طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے۔ بھارتی طیارے کا گرنا نہ صرف بھارتی فضائیہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوا بلکہ اس نے پورے ایونٹ پر بھی منفی اثر ڈالا۔ واضح رہے کہ دبئی ایئر شو کا آج پانچواں اور آخری دن تھا، تاہم حادثے کے بعد تمام فضائی مظاہرے فی الحال روک دیے گئے ہیں۔

ایئر شو انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی جنگی طیارہ گرنے کے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ متاثرہ علاقے کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور حادثے کے محرکات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید فضائی مظاہرہ عارضی طور پر معطل کرکے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کر دیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ تیجس بھارتی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے، جس کی پہلی آزمائشی پرواز 2001 میں کی گئی تھی۔ دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں بھی تیجس لڑاکا طیارہ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس تازہ حادثے نے طیارے کی کارکردگی، حفاظتی معیار اور ڈیزائن پر ایک بار پھر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی میں تیجس کے تباہ ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *