وزیراعظم نے ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری سے متعلق اقدامات واپس لینے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد 9 مارچ 2026 کے بعد نافذ کیے گئے متعدد اقدامات ختم کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے توانائی بچت سے متعلق بیشتر پابندیاں واپس لے لی ہیں، تاہم مارکیٹوں، تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار سے متعلق فیصلے بدستور برقرار رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک بند کرنا ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح ریستوران، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو مقررہ اوقات کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز پر اوقات کار کی کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی، جبکہ پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور ای وی چارجنگ اسٹیشنز بھی بندش کے اوقات سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی کمپنیاں، کال سینٹرز، جمز اور کھیلوں کی سہولیات بھی مخصوص اوقات کی پابندی سے آزاد ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق 3 اور 10 جون کو جاری کیے گئے مارکیٹ ٹائمنگ نوٹیفکیشنز برقرار رہیں گے، جبکہ 9 مارچ 2026 سے قبل نافذ کیے گئے کفایت شعاری اقدامات بھی جاری رہیں گے۔
حکومت کے مطابق اضافی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ توانائی صورتحال میں بہتری اور عوامی و کاروباری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔