انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آگئی ہیں، جبکہ مکمل باضابطہ شیڈول کا اعلان 25 نومبر کو کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 4 گروپس میں 5، 5 ٹیموں کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ: پاكستان نے آئرلینڈكو 3 وكٹوں سے شكست دیدی
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا جائے گا، جس سے روایتی حریفوں کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے کی توقع مزید بڑھ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس گروپ میں نیدرلینڈز، نمیبیا اور یو ایس اے کی ٹیموں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔
مشترکہ میزبان سری لنکا کے گروپ میں آسٹریلیا، زمبابوے، آئر لینڈ اور عمان کی ٹیمیں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال اور اٹلی پر مشتمل ایک اور گروپ بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ ایک گروپ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، یو اے ای اور کینیڈا کی ممکنہ شمولیت سے مکمل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ بھارت میں میچز ممبئی، کولکتہ، چنئی، دہلی اور احمد آباد میں منعقد ہوں گے، جبکہ سری لنکا میں کولمبو اور کینڈی میچز کی میزبانی کریں گے۔
پاکستان ٹیم اپنے تمام گروپ میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ فائنل کے لیے احمد آباد کو منتخب کیا گیا ہے، تاہم اگر پاکستان فائنل میں پہنچتا ہے تو میچ کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔ اسی طرح سیمی فائنلز ممبئی اور کولکتہ میں کھیلے جانے کی تجویز ہے، مگر اس کا حتمی انحصار سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں پر ہوگا۔ پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کی صورت میں یہ میچ بھی سری لنکا میں ہی ہوگا۔
آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کا باضابطہ اعلان سامنے آنے کے بعد گروپس اور میچز سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کی تصدیق ہو جائے گی، تاہم شائقین کرکٹ میں پاک بھارت میچ کی خبر نے ٹورنامنٹ کے لیے جوش و خروش میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔