خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 بڑی کارروائیاں، بھارتی پراکسیز کے 13 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 بڑی کارروائیاں، بھارتی پراکسیز کے 13 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ 20 اور 21 نومبر 2025 کو خیبر پختونخوا میں کی گئی 2 انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت کارروائیوں میں تیزی، مزید 23  فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے مزید 3 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

مزید پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی کرم میں انٹیلیجنس بیسڈ تازہ کارروائیاں، 22 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے بھارتی سرپرست خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

کارروائیوں کے بعد علاقے میں کریک ڈاؤن اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی سرپرست خوارج کا خاتمہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تین دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی اپیکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ’عزمِ استحکام‘ کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے ہر قسم کی بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *