پی ٹی آئی کا 26 نومبر سے متعلق بڑا اعلان

پی ٹی آئی کا 26 نومبر سے متعلق بڑا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 26 نومبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پارٹی اسلام آباد میں بانی عمران خان کی رہائی کے لیے گزشتہ سال ہونے والے احتجاج کی یاد میں یوم سیاہ منائے گی۔ تاہم پارٹی قیادت نے واضح کیا ہے کہ 26 نومبر کو کسی بڑے احتجاج کا انعقاد نہیں ہوگا بلکہ کارکنان اپنے اپنے اضلاع کی سطح پر احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی تمام ریجنل تنظیمیں اپنے اضلاع میں احتجاجی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت دی کہ احتجاج کے دوران وہ جاں بحق کارکنوں کے اہل خانہ کے گھر جائیں اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔ اس کے علاوہ صدر پی ٹی آئی نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس کے ساتھ احتجاجی مظاہرے بھی ہوں گے۔

پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ بڑے مظاہرے کی بجائے اپنے اضلاع کی سطح پر احتجاج کریں تاکہ پارٹی کی یکجہتی اور عوامی شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو کا 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے اختیار لوگوں سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، اور اگر تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ایک جیسی لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کروائی، چیف جسٹس کو خط لکھا اور ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی، لیکن اب ان کے پاس لیڈر سے ملاقات کے لیے احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ہر وار کا توڑ ان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی، لیکن وفاقی حکومت اس پر عملدرآمد کرنے کی اہل نہیں۔ اڈیالہ میں میں صرف بات کرنے جارہا ہوں، کبھی ایف آئی اے تو کبھی الیکشن کمیشن نوٹس جاری کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے انہیں جلسے کے بعد طلب کیا لیکن مریم نواز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *