اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما سیف اللہ ابڑو نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو کے ساتھ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما احمد خان نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، حالانکہ پاکستان تحریکِ انصاف اور جے یو آئی دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت اس ترمیم کی مخالفت کر چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پی ٹی آئی کی قیادت کا اپنے دو سینیٹرز سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز سیف اللہ ابڑو اور فیصل سلیم سے رابطہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے مذکورہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم ملکی مفاد میں ہے، اور اس کی منظوری سے آئینی و جمہوری عمل کو مزید تقویت ملے گی۔